سرینگر//ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹرشتیش پال ویدنے کہاہے کہ اگرریاست میں منشیات کی لعنت،غیرقانونی سرگرمیوں اورہنگامہ آرائی پرقابوپاناہے تو نوجوان نسل کی ذہنی اورجسمانی توانائی کوصحیح سمت دینے پرتوجہ مرکوز کرنا پڑے گی ۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کچھ عناصرنوجوانوں کوغلط ترغیب دیکراُن میں خطرناک رُجحانات کوفروغ دیتے ہیں ،جسکے نتیجے میں نشے کی لت ،بندوق اورپتھربازی کی عادت نوجوان نسل کوتباہ وبُربادکررہی ہے۔سیوک ایکشن پروگرام کے تحت جموں وکشمیرپولیس کی جانب سے اتوارکی صبح ’’امن کیلئے دوڑ2018‘‘کے تحت منعقدکشمیر میراتھن کے موقعہ اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے پولیس چیف نے کہاکہ ’ہمیں نوجوان نسل کی توانائی کومثبت سرگرمیوں کیلئے بروئے کارلاناہوگااوراس مقصدکے تحت ہی ریاستی پولیس کی جانب سے مختلف غیرنصابی سرگرمیوں بشمول کھیل مقابلوں اوردوڑ(میراتھن) کااہتمام کیاجاتاہے ‘۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے اورنوجوان صحت مندہوں تاکہ اُنکے ذہن بھی تندرست رہیں ۔ڈی جی پی نے واضح کیاکہ مثبت سرگرمیاں ہی نوجوانوں میں پائی جانے والی غیرقانونی حرکات وسکنات کاموثرتوڑہے اور نوجوانوں کی ذہنی وجسمانی توانائی کوصحیح سمت دینے کی ضرورت ہے۔خیال رہے لیک ویوپارک کے نزدیک اتوارکی صبح اس میراتھن کوڈی جی پی ہری جھنڈی دکھائی جبکہ اس موقعہ پرگورنرکے مشیروجے کمارمہمان خصوصی تھے اورانہوں نے ڈی جی پی کے ہمراہ اس میراتھن میں شرکت کرنے والے نوجوانوں اوربچوں وبچیوں میں ٹرافیاں ،دیگرانعامات اورنقدانعامی رقم تقسیم کی۔ڈائریکٹرجنرل پولیس ایس پی ویدنے تمام شرکاء کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ فائنانشل کمشنربی اگروال،اے ڈ ی جی پیزبی سر نواسن،اے کے چودھری،منیراحمدخان،آئی جی پیزایس اے وٹالی،جے پی سنگھ ،سریندرگپتا،آنندجین،ایس پی پانی ،بسنت رتھ،ایس ایس پی سرینگراوردیگرکئی پولیس افسران بھی موجودتھے ۔