وارانسی// وزیر اعظم نریندر مودی نے نسلی تشدد اور بدعنوانی کو ملک کی ترقی کا دشمن بتاتے ہوئے لوگوں سے سنت رو ی داس کے بتائے راستے پر چلنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر مودی نے سنت روی داس کے 642 ویں یوم پیدائش پر منگل کو ان کی جائے پیدائش وارانسی کے سیر گووردھن گاؤں میں منعقد سنگ بنیاد کی تقریب میں ملک و بیرون ملک سے آئے ہزاروں عقیدت مندوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم سنت روی داس جی کے بتائے ہوئے راستے پر نہیں چل پائے ،جس کاخمیازہ ہم نسلی مظالم اور کئی طرح کی برائیوں کے طور پر جھیل رہے ہیں ۔ سنت روی داس نے اپنے دور میں ذات پات کو ختم کرنے کا پٖیغام دیا تھا ، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کو پہچاننا ہو گا ، جو اپنے مفاد کے لئے ذات پات کا سہارا لیتے ہیں ۔ ذات پات کے علاوہ ملک کی ترقی کی دشمن بد عنوانی ہے ، جس نے ملک کو کھوکھلا بنا دیا ہے ۔ ان کی سرکا ر ‘ نیا بھارت ’بنانے کی کوشش میں ذات پات اور بد عنوانی پر مسلسل حملے کر رہی ہے ۔ تقریب میں اتر پردیش کے گورنر رام نائک ، وزیر ِ اعلی ٰ یو گی ادتیہ ناتھ ، بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے صدر ڈاکٹر مہیندر ناتھ ، سنت نرنجن داس سمیت دیگرسنت اور معززین موجود تھے ۔ یو این آئی ۔دریں اثنا وزیراعظم نریندر مودی نے پرانے ڈیزل انجنوں کے پرزوں کی مدد سے تیار کئے گئے ملک کے پہلے ‘ ہائی ہورس پاور الیکٹرک لوکوموٹو انجن’کو منگل کو اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی میں ہری جھنڈی دکھاکر قوم کو مختص کیا۔مسٹر مودی نے ڈیزل انجن ریل فیکٹری(ڈی ای آر ایف )کے احاطے میں بجلی انجن کے علاوہ ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا،جس میں ڈی ای آر ایف کے قیام سے لے کر اب تک کے ترقیاتی سفر کو بہتر انداز میں پیش کیاگیا ہے ۔اس موقع پر گورنر رام نائک ،وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی مواصلات (آزادانہ چارج)اور ریلوے کے وزیرمملکت منوج سنہا سمیت وزارت ریل اور ڈی ای آر ایف کے متعدد افسران موجود تھے ۔ڈی ای آر ایف افسران نے بتایا کہ تبدیل شدہ بجلی ریل انجن کی تعمیر مسٹر مودی کے کثیر جہتی ‘میک ان انڈیا’ پروجیکٹ کے تحت کی گئی ہے ۔
یہاں کے انجینئروں نے بے کار ہوئے انجنوں کے اچھے پرزوں کو ملاکر نیا انجن بناکر ریلوے کی تاریخ میں ایک مثال قائم کی ہے ۔تعمیر کے بعد اس انجن کا مناسب معائنہ کیاگیا ہے ۔اس کے بعد افتتاح کیاگیا ۔انہوں نے بتایا کہ دس ہزار ہورس پاور والے یہ بجلی کے انجن ڈیزل کے دو پرانے انجنوں کے پرزوں کی مدد سے صرف 69دنوں کے ریکارڈ وقت میں تیار کیا گیا ہے ۔یہ انجن زیادہ لوڈ والی مال گاڑیوں کو آسانی سے کھینچنے کے قابل ہے ۔تبدیل شدہ انجن میں ڈیزل انجن کے مقابلے 92فیصد زیادہ طاقت ہے ۔خاص بات یہ ہے کہ اس کے استعمال سے آلودگی میں بھی بڑی کمی واقع ہوگی اور سالانہ فی انجن 1.9کروڑ روپے تک کی بچت ہونے کا اندازہ ہے ۔یواین آئی