سرینگر //نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیراور سرحدی گولہ باری سے بچنے کےلئے زیر زمین بنکروں کی مانگ کو لیکر ایک مرتبہ پھر ریاستی سرکار کا ایک وفد ممبر اسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور اور رکن کونسل جاوید احمد مرچال کی سربراہی میں دلی پہنچا، جہاں انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندرسنگھ سے ملاقات کی ۔ ایڈوکیٹ راجہ منظور نے کشمیر عظمیٰ کو اس سلسلے میں بتایا کہ ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے جمعرات کو وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرسنگھ سے ایک ملاقات کے دوران انہیں علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ درصل انہیں وزیر اعظم نریند ر مودی سے ملاقات کرنے کےلئے وقت ملا تھا تاہم اُن کے دورئہ لندن کی وجہ سے ملاقات ممکن نہیں ہو سکی ۔انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وفد نے اس دوران وزیراعظم دفتر کو ایک یادداشت بھی پیش کی جس میں نستہ چھن گلی پرٹنل کی تعمیر، سرحدی گولہ باری سے بچنے کےلئے بنکروں کی تعمیر اور بیکن کے تحت آنے والی سڑکوں کی خستہ حالی قابل ذکر ہیں ۔راجہ منظور کے مطابق ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے یقین دلایا کہ نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے مرکزی سرکار ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔