عظمیٰ نیوزڈیسک
حیدرآباد//وزیر اعظم نریندر مودی نے مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اسکول برائے بزنس مینجمنٹ و کامرس کی عمارت کے علاوہ انجینئرنگ ورکشاپ اور کٹک پالی ٹیکنیک، اڈیشہ کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے جموں کے دورے کے دوران مولانا آزاد اسٹیڈیم، جموں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس افتتاح کی یہ رسم انجام دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی جموں میں آج ایک بڑے عوامی اجتماع کو مخاطب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کیمپس میں کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ کی دو منزلہ عمارت کو 11.19 کروڑ روپئے، انجینئرنگ ورکشاپ کی تین منزلہ عمارت تقریباً 25 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اڈیشہ کٹک میں پالی ٹیکنیک کی بلڈنگ کا افتتاح بھی انجام دیاگیا۔ کٹک کی یہ دو منزلہ عمارت 28.22 کروڑ روپئے کی مالیت سے تعمیر کی گئی ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کیمپس کے آئی ایم سی پریویو تھیئٹر میں وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن، رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد، ڈینس، پروفیسرس اور مختلف صدور شعبہ جات، وزیر اعظم کی جانب سے منعقدہ ویڈیو کانفرنسنگ کے پروگرام میں شریک تھے۔