کشتواڑ//ایم ایل سی نریش کمار گپتا نے این ایچ ایم ایمپلائز پر ہوئے پولیس لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی ہے، جس سے درجنوں احتجاجی ملازمین کو چوٹیں آئی ہیں۔ ڈاکٹر صادق وانی کی قیادت میں ا ین ایچ ایم ایمپلائز ملازمین کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں جائز مطالبات کے لئے آواز کو دبایا جا رہا ہے، جو کہ بدقسمتی ہے۔انہوںنے اس وحشیانہ کاروائی میں ملوث لوگوں کے خلاف سنگین کاروائی کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔وفد نے ایم ایل سی کو مطالبات کی ایک فہرست بھی پیش کی ۔ گپتا نے سرکار کی جانب سے ان ملازمین کے جائز مطالبات حل کرنے میں ناکام رہنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ این ایچ ایم ایمپلائز ملازمین ایسے لوگ ہیں جو ریاست کے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں وہ بھی قلیل تنخواہ پر۔گپتا نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ دیگر کانگریسی ممبران کے ہمراہ اگلے کام کے دن ہائوس میں یہ مدعا اُٹھائیں گے، تاکہ این ایچ ایم ایمپلائز ملازمین کو باقاعدہ بنایا جا سکے۔دریں اثنا یوتھ کانگریس کے ترجمان رندیپ بھنڈاری نے بھی این ایچ ایم ایمپلائز کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ملازمین محکمہ صحت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔انہوں نے ان ملازمین پر ہوئے لاٹھی چارج کی بھی مذمت کی ہے اور قصور واروں کے خلاف سنگین کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔