فیاض بخاری
بارہمولہ// گنڈابراہیم پٹن میں بدھ کو جھگڑے کے دوران ایک عارضی ملازم ازجان ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پٹن کے گنڈ ابراہیم علاقے میں بدھ کی صبح ایک جھگڑے کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔مہلوک کی شناخت ثناء اللہ ڈار ولد محمد رمضان ڈار ساکن گنڈ ابراہیم کے بطور کی گئی ہے۔مہلوک کے بھائی نے میڈیا کو اس واقعے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی جس کا نام ثناء اللہ ڈار ولد محمد رمضان ڈار ہے، محکمہ زراعت کے رکھز اینڈ فارمز میں عارضی ملازم تھا۔انہوں نے کہا،’’اس کو صبح کے وقت ایک فون کال آئی کہ پلانٹیشن میں کوئی سفیدے کے درخت کاٹ رہا ہے اور اس کے بعد وہ پلانٹیشن کی طرف روانہ ہوا اور وہاں سفیدے کے درخت کاٹنے والوں، جو کم سے کم چھ افراد تھے، جن کے ساتھ ایک خاتون بھی تھی، کو ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی‘‘۔ان کا کہنا تھا،’’لیکن اس بجائے ان لوگوں نے اس کی پٹائی شروع کی اور جب میں وہاں پہنچا تو اس کی موت واقع ہوچکی تھی‘‘۔موصوف نے کہا کہ اس کے بعد میں نے متعلقہ افسر کو اس واقعے کے بارے میں مطلع کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔دریں اثنا ایک پولیس عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے 302 کے تحت آیف آئی آر درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔