سید رضوان گیلانی
بارہمولہ//شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ایک دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے ساحل احمدبٹ نے جے ای ای مینز کے امتحان میں 99.229 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں، جس کے نتیجوںکااعلان منگل کو کیا گیا۔کپواڑہ کے کرالپورہ علاقے میں راشن پورہ کے رہنے والے ساحل نے بغیر کسی پرائیویٹ کوچنگ کے سب سے زیادہ نمبرات حاصل کیے ہیں۔ساحل کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے اور اس کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ ساحل نے ایک سرکاری سکول سے کنڈرگارٹن سے 12ویں جماعت تک تعلیم مکمل کی۔ساحل کے کزن آصف مقبول نے بتایا’’وہ پرائیویٹ سکول میں تعلیم حاصل کرنے کا متحمل نہیں تھا۔ اپنے خاندان کی مالی حالت کے پیش نظر سری نگر میں پرائیویٹ کوچنگ ان کے لیے ایک دور کا خواب تھا‘‘۔آصف نے کہا’’اس نے ضلع کپواڑہ کے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کی اور کچھ آن لائن ذرائع کی مدد سے اپنی پہلی کوشش میں اعلیٰ پرسنٹائل کے ساتھ JEE مینز کا امتحان پاس کیا‘‘۔منگل کو جیسے ہی انہیں ساحل کی قومی سطح کے مسابقتی امتحان میں کامیابی کے بارے میں معلوم ہوا تو پورا خاندان جشن کے موڈ میں بدل گیا۔آصف نے کہا’’راشن پورہ ایک دور افتادہ گاؤں ہے جہاں ہمارے پاس ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں‘‘۔اپنی ساری زندگی میں ساحل نے صرف ایک بار سری نگر شہر کا دورہ کیا ہے جب اسے جے ای ای کے امتحانات میں شریک ہونا تھا۔آصف نے کہا’’یہ امتحان کے دن اپنے والد کے ساتھ سری نگر شہر کا پہلا دورہ تھا۔ لیکن اس نے ثابت کر دیا ہے کہ اس کی لگن اور محنت نے اسے انعام دیا‘‘۔دریں اثنا، چیئرمین پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر جی این وارنے ساحل کو اس کی غیر معمولی کارکردگی پر مبارکباد دی۔وار نے کہا’’مہنگی سکولنگ اور باقاعدہ کوچنگ کے بغیر 99.23پر شرح نمبرات ہمارے طالب علموں کے لیے ایک عظیم ترغیب ہے جو منفی حالات کا سامنا کر رہے ہیں‘‘۔