پٹنہ//بہار کی اہم اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیر اعلی نتیش کمار پر نکسل مسئلے سے نمٹنے میں لاپرواہی برتنے کا الزام لگایا ہے ، بی جے پی کے ریاستی ترجمان اور ممبر اسمبلی ونود نارائن جھا نے آج یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ نکسلیوں کے خلاف بہار میں سختی سے مہم نہیں چلائی جا رہی ہے ۔ ریاستی حکومت نکسلیوں سے سختی کے ساتھ نمٹنے میں لاپرواہی برت رہی ہے ۔مسٹر جھا نے کہا کہ وزیر اعلی مسٹر کمار کا نکسل مسئلے سے متاثرہ ریاستوں کے وزرائے اعلی کی دہلی میںآج ہو رہی میٹنگ میں شامل ہونا محض رسمی ہے ۔ مسٹر کمار کا آبائی ضلع نالندہ میں نکسلیوں کازور ہے ۔اس علاقے میں انہیں برتری حاصل ہے اور حکومت کی جانب سے نکسلیوں کے خلاف واضح کاروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔ وہیں حکمراں جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی ترجمان اور ایم ایل سی سنجے سنگھ نے بی جے پی کے اس الزام پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی پہلے چھتیس گڑھ کے سکما کے واقعہ پر جواب دے ۔۔ چھتیس گڑھ میں نکسلی واقعات پر بی جے پی خود اپنے گریبان میں جھانکے ، انہوں نے کہا کہ نتیش حکومت نکسل مسئلے کو ختم کرنے کے لئے مسلسل کوششوں میں مصروف ہے ۔ یو این آئی