سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرکے پرنسپل سیکریٹری نتیشورکمار نے پیر کودرگاہ حضرت بل اورزیارت مخدو م صاحبؒ کا دورہ کرکے وہاں عید الفطر کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیا۔ان کے ہمراہ صوبائی کمشنر پی کے پولے،ڈپٹی کمشنرسرینگرمحمداعجازاسد،سی ای او وقف مفتی فریدالدین،ناظم سیاحت ڈاکٹر جی این ایتو،ناظم صحت ڈاکٹر مشتاق احمد راتھراوردیگر حکام بھی تھے۔ پرنسپل سیکریٹری نے موقعہ پر ہی درگاہ حضرت بل اورزیارت مخدوم صاحب میں زائرین کیلئے متعلقہ محکموں کی طرف سے صحت صفائی،بجلی ،پانی فائرسروس ٹرانسپورٹ،طبی اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔پرنسپل سیکریٹری نے درگاہ شریف حضرت بل میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہوں میں معقول صحت وصفائی کویقینی بنائیں اور خواتین کیلئے الگ انتظامات کریں اورکھلی جگہوں پرشامیانے لگا کران میں فرش کا معقول انتظام کریں تاکہ نمازیوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنانہ کرنا پڑے۔ پرنسپل سیکریٹری کوبتایا کہ کہ تین ایمبولینس گاڑیوں معہ ایک کرٹیکل کیئرایمبولنس ،طبی ٹیم لازمی ادویات اورابتدائی طبی امداد کے ساتھ حضرت بل میں محکمہ صحت نے کام پر لگائی ہیں۔اسی طرح پی ایچ ای محکمہ نے حضرت بل میں مزید50نل لگائے ہیں اوراس کے علاوہ پانی ٹینکر بھی دیگر زیارت گاہوں پردستیاب ہوں گے۔پرنسپل سیکریٹری کوبتایا گیا کہ ایس ایم سی نے حضرت بل اور دیگر خانقاہوں کے آس پاس صحت وصفائی کو یقینی بنانے کیلئے معقول اسٹاف تعینات کیا ہے ۔اس کے علاوہ ان مقامات پر موبائل بیت الخلاء بھی رکھے گئے ہیں ۔پرنسپل سیکریٹری نے درگاہ حضرت بل کے احاطے سے ملبہ ہٹانے کاکام فوری طور مکمل کیاجائے۔پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ عید کے موقعہ پر ان مقامات پرنمازیوں کی بھاری تعداد کے موجود ہونے کی توقع ہے ۔انہوں نے لوگوں کیلئے ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات مہیا رکھنے کی بھی ہدایت دی۔دریں اثناء پرنسپل سیکریٹری نے درگاہ حضرت بل اور زیارت مخدوم صاحب ؒ پرکورنش بھی بجا لائی اورلوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے دعاکی۔انہوں نے افسروں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی بھی پرنسپل سیکریٹری کے ہمراہ شامل ہوئی اورزیارت گاہوں پر نمازیوں کیلئے ہرقسم کی سہولیات مہیا رکھنے پرزوردیا