پورٹ آف سپین /افغانستان کے تجربہ کار آف اسپنر محمد نبی (5/15) کی شاندار کارکردگی کی بدولت سینٹ لوسیا زوکس نے کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس (ایس این پی) کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔35 سالہ تجربہ کار افغان آف اسپنر نے موجودہ لیگ کے 15 ویں میچ میں پہلی بار ٹی 20 کرکٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ نبی آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) سے کھیل رہے ہیں۔جمعرات کے روز پورٹ آف اسپین (ٹرینیڈاڈ) کے کوئینس پارک اوول میں ٹاس ہارنے کے بعد سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس (ایس این پی) نے نو وکٹ کے نقصان پر110 رن بنائے ۔ محمد نبی کی عمدہ بالنگ کے سامنے ٹیم ایک وقت میں 38 رن پر پانچ وکٹ گنوا چکی تھی۔ سی پی ایل کی تاریخ میں نبی نے تیسری بہترین بولنگ کی۔ انہوں نے 4 اوور میں 15 رن دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سی پی ایل میں اننگز میں بہترین بولنگ کا اعزاز بنگلہ دیش کے شکیب الحسن (ٹرائیڈنٹس) کے پاس ہے جنہوں نے چار اوور میں ایک میڈن کے ساتھ چھ رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے تھے جبکہ ایمیزون کے سہیل تنویر نے 15 رنز دے کر پانچ وکٹ لئے تھے ۔سینٹ لوسیا زوکس نے 111 رنز کا آسان ہدف 14.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس کے ساتھ وہ 6 میچوں میں 4 جیت اور 2 شکست کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں سب سے نیچے ہے ۔ ایک دیگر میچ میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے کیریبیئن پریمیئر لیگ کے 16 ویں میچ میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر لیگ میں مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی۔ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم لیگ میں تاحال ناقابل شکست ہے ۔ فاتح ٹیم نے گیانا ایمیزون واریئرز کی طرف سے ملنے والا 113 رنز کا ہدف بآسانی 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔کیری پیئر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 16 ویں میچ میں گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے ۔کیمو پال نے 28 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ شمرون ہٹمائر اور راس ٹیلر نے بالترتیب 26,26 رنز بنائے ، کیری پیئر نے 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سکندر رضا،کیرون پولارڈ اور ڈیوائن براوو نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم نے 113 رنز کا مطلوبہ ہدف بآسانی 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ٹم سیفرٹ 39 اور ڈیرن براوو نے 26 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کو فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کے اسپنر عمران طاہر نے دو جبکہ کرس گرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔لیگ میں جمعہ کو ایک دن آرام کے بعد ہفتہ کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلے میچ میں دفاعی چمپئن بارباڈوس ٹریڈینٹس اور ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔دوسرے میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا مقابلہ جمیکا تلاواز سے ہوگا۔یو این آئی