عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ناگپور// مہاراشٹر کے ناگپور میں جمعہ کی رات سے ہو رہی بارش نے شہر میں معمولات زندگی درہم برہم کر دئے ہیں۔ صرف 4 گھنٹے میں 100 ملی میٹر بارش ہوئی اور شہر کے کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے ناگپور اور آس پاس کے علاقوں میں اگلے کچھ وقت کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اسکولوں اور کالجوں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ ناگپور میں شدید بارش کے بعد سیلاب کی وجہ سے ایک 53 سالہ خاتون سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق سیلاب کا پانی سریندر گڑھ کی رہائشی سندھیا دھورے (53) اور اس کی ماں سیابائی دھورے (72) کے گھر میں داخل ہو گیا۔ اس دوران دیگر رشتہ دار گھر سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے لیکن فالج کی شکار سندھیا دھورے کو گھر میں ہی رہ گئیں کیونکہ وہ چلنے پھرنے سے قاصر تھیں۔ایک ریسکیو ٹیم نے ان کی لاش برآمد کی۔‘‘ عہدیدار نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات 2 بجے سیلابی پانی 70 سالہ میرا بائی کپسوامی کے کمرے میں داخل ہوا، جو گٹی کھڈن میں اکیلی رہتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ میرابائی کی لاش کو رشتہ داروں نے صبح چھ بجے باہر نکالا۔سنیچر کی شام کو دھنتولی تھانہ علاقے کے تحت پنچ شیل چوراہے کے قریب ایک ‘نالے’ سے ایک نامعلوم لاش برآمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ چوتھے معاملے میں ایودھیا نگر کے رہنے والے چائے بیچنے والے سنجے شنکر گڈیگاؤنکر (52) کی جمعہ کی درمیانی رات 3 بجے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال کے احاطے میں ایک گڑھے میں ڈوبنے سے موت ہو گئی۔