ناڑ دھوڑیاں ۔سنگیوٹی گلی 3کلو میٹر سڑک کھڈوں میں تبدیل

مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے پسماندہ گائوں سنگیوٹ میں جانے والی ناڑ دھوڑیاں تا سنگیوٹ گلی 3کلو میٹر سڑک انتہائی خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے سڑک کو مکمل ہی نہیں کی جارہا ہے جبکہ ابتدائی 3کلو میٹر ہی گاڑیوں کے چلنے کے قابل نہیں ہے جس کی وجہ سے سنگیوٹ علاقہ کی دو پنچایتوں کے مکینوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ گائوں کی عوام اسی سڑک کے ذریعہ راجوری ضلع کے ساتھ منسلک بھی رہتے ہیں لیکن سڑک خراب ہونے کی وجہ سے اب ٹرانسپورٹر بھی اس رابطہ سڑک پر چلنے سے پرہیز کرتے ہیں ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ انتظامیہ و متعلقہ محکمہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی علاقہ میں اس سڑک کی حالت کو معیاری نہیں بنایا جارہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں مریضوں و حاملہ خواتین کیساتھ ساتھ دیگر ضروری ساز و سامان بھی کندھوں پر اٹھا کر لانیپر مجبور ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد معیاری بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کی مشکلات حل ہو سکیں ۔