بانہال // ناچلانہ۔ مہو منگت روڈ پر مسافر بردار گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور مسافروں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف پہنچنے میں پیدل سفر کے علاوہ مال بردار گاڑیوں میں سفر کرنا مجبوری بن گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ترنہ ، ترگام ، بزلہ وغیرہ کے دیہات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو کاونہ سے کھڑی اور بانہال تک مسافر بردار ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سب سے زیادہ مشکلات سکول اور کالج جانے والے بچوں ، مریضوں اور سرکاری ملازموں کو پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مسافر برادر گاڑیان من مرضی کے روٹوں پر چلتے ہیں جس کی وجہ سے کھڑی۔مہو منگت رابطہ سڑک سے جڑے درجنوں دیہات سے وابستہ لوگوں کو روزانہ بنیادوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں نے ضلع حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ کھڑی۔ مہو منگت کے دیہات کو تحصیل صدر مقام کھڑی اور بانہال سے جوڑنے کیلئے سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کا انتظام کریں تاکہ اس دور افتادہ پہاڑی علاقے کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس رابطہ سڑک کر چلنے والے ٹرانسپورٹر حضرات من مرضی سے کرایہ وصول کرتے ہیں اور من مرضی اور من پسندی سے اپنی گاڑیوں کو چلاتے ہیں اور لوگوں کا کوئی پاس و لحاظ نہیں رکھا جاتا ہے۔