ارشاد احمد+یواین آئی
بڈگام// ماگام نارہ بل میں جمعہ کی سہ پہر نالہ سکھ ناگ میں 17 سالہ لڑکا ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔عینی شاہدین کے مطابق ماگام میں سکھ ناگ نالے میں17سالہ شبیر احمد میر ولد علی محمد ساکن گنڈ حسی بٹ اس وقت ڈوب گیا جب پولیس کچھ افراد کا پیچھا کر رہی تھی۔ جنہوں نے پولیس پر پتھرا ئوکیا تھا۔اس موقع پر مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو نالے سے نکالا گیا۔ادھر بڈگام کے کاوسہ علاقے میں جمعے کے روز ایک نوجوان سکھ ناگ نالہ میں غرق آب ہوا اور بعد میں اُس کی لاش پانی سے باز یاب کی گئی۔بڈگام پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے کے روز پولیس کو جانکاری ملی کہ 17 سالہ شبیر علی میر ولد علی محمد میر ساکن گنڈ حسی بٹ کاوسہ کے نزدیک نالہ سکھ ناگ میں غرق آب ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے نوجوان کی لاش پانی سے بازیاب کرکے وارثین کے حوالے کی اور بعد میں نوجوان کی آخری رسومات ادا کی گئی۔پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ نوجوان کیسے اور کن حالات میں نالہ میں غرق آب ہوا، اس کی تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔