کنگن/ / نالہ سندھ سے غیر قانونی طور ریت اور باجری نکالنے کی وجہ سے جہاں اس نالہ کی خوبصورتی ختم ہورہی وہیں ٹراوٹ مچھلیوں کی پیدوار میں دن بہ دن کمی واقع ہورہی ہے ۔سونہ مرگ سے وسن کنگن تک نالہ سندھ سے غیر قانونی طور ریت اور باجری نکالنے کا سلسلہ جاری ہے ور فشریزاور دیگر محکمے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔گاندربل ضلع کے بیچوں و بیچ بہنے والا مشہور نالہ سندھ میں وسن سے سونہ مرگ تک مختلف مقامات پر جن میں ،وسن کنگن ،سترینہ، پالپورہ ،ہائن ،گنہ ون، سرفرائو ،سمبل ،فرائو ،گگن گیر اور سونہ مرگ قابل ذکر ہیں، غیر قانونی طور رات کے دوران کئی مقامات پر جے سی بی لگا کر ریت اور باجری نکالی جا رہی ہے جس سے نہ صرف نالہ سندھ کی شان رفتہ بری طرح متاثر ہورہی ہے بلکہ مذکورہ نالہ میں ٹراوٹ مچھلیوں کی پیداروار میں بھی بہت کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اگر چہ عوامی حلقوں نے محکمہ فشریز اور جیالوجی اینڈ مائنگ کے اہلکاروں کی نوٹس میںیہ معاملہ لایا تاہم انہوں نے اس قومی اثاثے کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تا حال کو ئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جس پر عوامی حلقوں میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ نالے میں دن بھر درجنوں ٹپر اور ٹریکٹر عدالت عالیہ کی حکم نامے کو بالائی طاق رکھ کر نالہ سے ریت اور باجری نکالی جارہی ہے ۔اس طرح متعلقہ محکموںکی عدم توجہی کے باعث یہ لوگ غیر قانونی ریت اور باجری نکال رہے ہیں ۔عوامی حلقوں کا مطالبہ کے کہ ان خود غرض لوگوں کے خلاف جلد از جلدکارروائی عمل میں لائی جائے۔