سرینگر// تعلیمی سیشن 2018 شروع ہونے سے قبل درس و تدریس کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے سلسلے میں ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے بارہمولہ ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع کے ہنگامی دوروں کے دوران متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کی موجودگی میں تمام سکولی سربراہان اور متعلقہ ضلعی تعلیمی انتظامیہ سے وابستہ افسران کے اجلاس طلب کرکے کئی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سیشن میں درس وتدریس کے عمل کی نگرانی کے سلسلے میں زونل ، ضلع اور صوبائی سطح کے مختلف معائنہ ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو ہرایک سکول کا معائنہ کرکے درس و تدریس کے عمل کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے ساتھ براہ راست استفسارات کرکے اُن کو ملنے والی تعلیمی سہولیات کے حوالے سے جانکاری حاصل کریں گے۔ متعلقہ اضلاعمیں ان اجلاسوں کے دوران ناظم تعلیم نے کہا کہ تمام سکولی سربراہان دس دن کے اندر اندر متعلقہ سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے رپورٹ تیار کرکے محکمے کو پیش کریںتاکہ وزیر تعلیم کی ہدایت کے مطابق بنیادی ڈھانچے کومستحکم بنانے کیلئے کارگر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سیشن کیلئے عنقریب ہی محکمے کی طرف سے ایک خصوصی تعلیمی کلینڈر جاری کیا جائے گا جس کے مطابق سیلبس کو مکمل کرنے کیلئے اضافی کلاسز اور ایام تعطیلات سے بھی کام لیا جائے گا۔ بارہمولہ ، اننت ناگ اور کولگام ضلعوں کے سکولی سربراہوں کے اجلاسوں کے دوران متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اپنے اپنے علاقوں کے مختلف تعلیمی مسائل اُجاگر کئے۔ اس دوران ناظم تعلیم نے مختلف مسائل کے حل کیلئے چند ہدایات جاری کیں ۔ سرینگر میں منعقدہ اجلاس کے دوران ناظم تعلیم نے کہا کہ یہ سکولی سربراہان اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکولوں میں بچوں کو گھریلو ماحول فراہم کرکے درس و تدریس کے عمل کو بچوں کی دلچسپی کے عین مطابق بنائیں۔ اننت ناگ کے اجلاس میںجوائنٹ ڈائریکٹر سائوتھ اور انچارج چیف ایجوکیشن افسرڈاکٹر ناصر احمد نے ضلع کا تعلیمی منظر نامہ پیش کیا۔ اسی دوران کولگام کے اجلاس میں ناظم تعلیم نے کہا کہ سکولوں میں تمام تدریسی عملہ طالب علموں کی لکھائی پڑھائی کے کام کا متواتر طوربذات خود جانچ کیا کریں تاکہ محکمے کی طرف سے قائم کی گئی ٹیمیں معائنے کے دوران درس و تدریس کی تسلی بخش کارکردگی کا مشاہدہ کرسکیں اور کسی بھی اُستاد کے خلاف تدریسی عمل کے حوالے سے کوئی شکایت ملنے کا موقعہ نہ ملے۔اسی دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر ایتو نے سرینگر میں سٹیٹ میڈیا سینٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب ہی محکمے کی طرف سے دیگر اضلاع کا دورہ کرکے وہاں موئثر تدریسی عمل کے حوالے سے کئے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے تمام زونل اور چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایات دیں کہ وہ درس و تدریس کے عمل کے حوالے سے ہر پندرھواڑے کے بعد محکمے کو رپورٹ پیش کریں تاکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی سراہنا کی جائے گی اور ناتسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر متعلقہ عملے کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کی جائے گی۔ ان اضلاع کے دوروں کے دوران ناظم تعلیم کشمیر کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر سینٹرل عابد حسین، جوائنٹ ڈائریکٹر SSAایچ آر پکھرو، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹرینگس محبوب حسین ،میڈیا کارڈی نیٹر فیاض احمد فیاض اور سٹیٹ میڈیا سینٹر سے وابستہ دیگر عملہ بھی تھا۔