عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیرجی ایم میرنے کل ضلع اننت ناگ کا دورہ کیا اور کوکرناگ میں ’موڈیفائیڈ ہائی ڈینسیٹی پلانٹیشن پروگرام‘ کے موضوع پر منعقدہ بیداری کیمپ میں حصہ لیا۔آگاہی پروگرام میںعلاقے کے باغبانوں کے ساتھ محکمہ کے پاس دستیاب روزگار پیدا کرنے کی مختلف اسکیموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد کسانوں میں سرکاری اسکیموں، اقدامات اور زرعی، باغبانی اور اس سے منسلک شعبوں میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ڈائریکٹر ہارٹیکلچرنے شرکاء پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مختلف اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح کے مزید پروگرام ضلع کے کونے کونے میں منعقد کریں تاکہ باغبانوں میں عام طور پر بیداری پیدا ہو اور
نوجوانوں میں اس شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے مواقع سے استفادہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آگاہی اور معلومات ہی کسانوں کو جدید ترین علم اور ہنر سے آراستہ کرتی ہیں۔ڈائریکٹر نے فروٹ پلانٹ نرسری بیجبہاڑہ کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوکرناگ، چیف ہارٹیکلچر آفیسر، سبجیکٹ میٹر سپیشلسٹ، ہارٹیکلچر ڈیولپمنٹ آفیسرز، اور محکمہ کے فیلڈ فنکشنز کے علاوہ ایم سی چیئرمین، ڈی ڈی سی لارنو، اور ڈی ڈی سی کوکرناگ بھی موجود تھے۔