عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی جموں نے دہشت گردی کی فنڈنگ سے متعلق ایک کیس میں مزید چھ ملزمان کے خلاف چوتھی ضمنی چارج شیٹ داخل کی ، جس سے ملزمان کی کل تعداد 18 ہوگئی ہے۔محمد شریف چیچی، فاروق احمد جنگل، اور سیف دین ،جنہیں ایس آئی اے نے حال ہی میں گرفتار کیا تھا، کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967، نارکوٹک ڈرگ سائیکو ٹراپک سبسٹنس ایکٹ اور مجرمانہ سازش سے متعلق تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت اور ممنوع دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین کے لئے فنڈز جمع کرنے جیسی سر گیوں میں چارج شیٹ کیا گیا ہے۔اس کیس میں ایس آئی اے جموں نے 10 لاکھ روپے کی رقم ضبط کی ہے اور بینک کھاتوں میں 70 لاکھ روپے سے زیادہ کو منجمد کردیا ہے جو کہ( پی او کے) سے اسمگل کی گئی منشیات سے حاصل ہو ئی تھی۔ دیگر 3 ملزمان حمید اللہ کھوڑو، فاروق احمد شال اور جاوید احمد چالکو، جو کہ حزب المجاہدین سے وابستہ ہیں، اپنی گرفتاری سے بچ رہے ہیں اور اس وقت پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔
ملزمان اُوڑی، ہتھلنگا، بارہمولہ میں پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے ہیروئن کی اسمگلنگ اور جموں میں ہیروئن کی مزید نقل و حمل اور فروخت کرنے میں ملوث تھے، تاکہ بھاری رقم حاصل کی جا سکے ،جسے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین کے او جی ڈبلیوزتک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اسے مزید تقسیم کرنے کے لیے بینکنگ چینلز میں جمع کیا گیا تھااور بعد میںاس رقم کو ہندوستان کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی کو چیلنج کرنے کے لیے دہشت گردسر گرمیاں انجام دینے کے لئے استعمال میں لانا تھا۔ ایس آئی اے جموں نے چوتھی چارج شیٹ داخل کر کے اور گرفتاریاں عمل میں لا کر دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے بڑی رقم کوضبط کیا ہے۔ ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن سے نوجوانوں کی زندگیوں کو خراب ہونے سے بچایا گیا۔ ان ملزمان کے خلاف سیکشن 82/83 کے تحت ان کی جائیداد قرق کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے دہشت گردی کے پیسے کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کی طرف سے بنائی گئی جائیداد کے لئے دھچکا ہو گا۔ ایس آئی اے کی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ منشیات کا ایک منظم گروہ ہے، جس میں فاروق احمد نائیکو جو دبئی سے کام کر رہا تھا، محمد رفیق نجار، مبشر مشتاق ففو، ائناز احمد صیام، محمد شریف چیچی، فاروق احمد جنگل، سیف دین،نے ایچ ایم کے دہشت گردوں جو کہ پا کستان میں مقیم ہیں جن میںفاروق احمد شال، حمید اللہ کھوڑو، طارق احمد ملہ اور جاوید چالکو کے ساتھ سازش رچا کر منشیات کو ہندوستانی سرزمین میں داخل کیا اور مذکورہ منشیات کوجموں منتقل کیا تاکہ علیحدگی پسندوں اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کی فنڈنگ کے لیے استعمال کیا جائے۔