عظمیٰ نیوز سروس
نوشہرہ//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے نوشہرہ کے پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ میںمحکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی)، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی)، لیبر، صنعت و حرفت اور جیولوجی اینڈ مائننگ محکموں کے تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے سینئر و اعلیٰ اَفسران نے شرکت کی۔نائب وزیراعلیٰ نے راجوری اور بدھل ڈویژن میں پی ایم جی ایس وائی پروجیکٹوں کی سکیم کے لحاظ سے طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔ اُنہوں نے پی ایم جی ایس وائی کے کچھ منصوبوں پر غیر معیاری کام کے بارے میں رِپورٹوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے زور دیا کہ کام کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔اُنہوں نے جنگلات کی کلیئرنس کے مسائل کی وجہ سے کا م کی اَنجام دہی میںتاخیر کے بارے میںمتعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مؤثر طریقے سے رابطہ قائم کر کے بروقت منظوری کو یقینی بنائیں۔نائب وزیرا علیٰ نے پی ڈبلیو ڈی سیکٹر کے جائزے کے دوران جاری منصوبوں کی طبعی و مالی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسر وں کو ہدایت دی کہ وہ معیار کے پیمانوں پر سختی سے عمل کریں اور مقررہ مدت میں پروجیکٹوں کو مکمل کریں۔ سریندر کمار چودھری کو شیشیرا وائلڈ لائف سینکچوری کے بارے میں آگاہ کیا گیا جہاں چیتے اور دیگر جانور رہتے ہیں۔اُنہوں نے سیاحوں کو راغب کرنے کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے وائلڈ لائف وارڈن کو ہدایت دی کہ وہ سینکچری کو ایک ممتاز سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لئے ایک تجویز کا مسودہ تیار کریں۔اُنہوں نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ضلع کے خوبصورت مقامات کی تشہیر کریں۔نائب وزیراعلیٰ نے کھیوڑہ اِنڈسٹریل اسٹیٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں 51 صنعتی یونٹ ہیں جن میں سے 31 فعال ہیں۔ اُنہوں نے محکمہ کو 20 غیر فعال یونٹوں کے بارے میں تفصیلی رِپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ دو نئی اِنڈسٹریل اسٹیٹس کلدابی اور قلعہ درہال بھی تجویز کے مرحلے میں ہیں۔اُنہوں نے جیولوجی اینڈ مائننگ شعبے سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کو غیر قانونی کان کنی کو روکنے کے لئے نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے غیر قانونی طریقوں کے لئے زیرو ٹالرنس پر زور دیا اور وسائل کے تحفظ کے لئے منظم اور سائنسی کان کنی پر زور دیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانے کے لئے عملانے والے اِداروں کے مابین ہم آہنگی کو بھی اُجاگر کیا گیا۔ بعد ازاں، وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے بات چیت کی جنہوں نے انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔اُنہوں نے اُنہیں فوری کارروائی اور ان کے مسائل کے ازالے کی یقین دہانی کی۔میٹنگ میں ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) راجوری سردار خان ،ایگزیکٹیو اِنجینئرپی ڈبلیو ڈی کوترنکا محمد قاسم،ایگزیکٹیو اِنجینئرپی ڈبلیو ڈی نوشہرہ اور کلاکوٹ محمد آفتاب،ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی راجوری شاہد مصطفی،ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی بدھل امتیاز میر، اسسٹنٹ لیبر کمشنر پردیوت گپتا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ ابھینندن منگوترا کے ساتھ پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈبلیو ڈی کے دیگر افسران بھی شرکت کی۔