نئے ہندوستان کے بڑے خواب روزگار میلہ لڑکیوں کیلئے نئے دروازے کھولنے کی پالیسی

  مشن موڈ پر پالیسیاں نافذ،51000کو تقرری کے آرڈر دیئے گئے:مودی

یو این آئی

نئی دہلی // وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کوکہا کہ ہمارا ملک آج تاریخی کامیابیوں اور فیصلوں کا مشاہدہ کر رہا ہے۔مودی، روزگار میلہ پروگرام سے آن لائن خطاب کررہے تھے ۔ اس پروگرام میں مرکزی حکومت کے مختلف محکموں کے لیے منتخب کیے گئے تقریباً 51000 امیدواروں کو تقرری لیٹرفراہم کیے گئے ۔مودی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ سرکاری ملازمین کی فرض شناسی سے ملک کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ خواتین کے ریزرویشن کا معاملہ جو گزشتہ 30 برسوں سے زیر التوا تھا، اب دونوں ایوانوں سے ریکارڈ ووٹوں سے منظور ہو گیا ہے ۔سوچئے یہ کتنی بڑی کامیابی ہے، ریزرویشن کا یہ مطالبہ اس وقت سے ہو رہا تھا جب آپ میں سے اکثر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے ۔ ملک کی نئی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ ایک طرح سے نئی پارلیمنٹ میں ملک کے نئے مستقبل کا آغاز ہو چکا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آج اس روزگار میلے میں بھی ہماری بیٹیوں نے بڑی تعداد میں تقرری نامے حاصل کیے ہیں۔ آج ہندوستان کی بیٹیاں خلا سے لے کر کھیلوں کے میدان تک کئی نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی کی اس کامیابی پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے ۔ حکومت کی پالیسی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نئے دروازے کھولنا بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک نے سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کا عزم کیا ہے،ہم اگلے چند برسوں میں تیسری بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں۔مودی نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں ہماری پالیسیوں نے اس سے بھی بڑے اہداف کے حصول کی راہ ہموار کی ہے ۔ ہماری پالیسیاں نئی ذہنیت ، مستقل نگرانی، مشن موڈ پر عمل درآمد اور بڑے پیمانے پر شرکت پر مبنی ہیں۔ 9 برسوں میں حکومت نے مشن موڈ پر پالیسیاں نافذ کی ہیں۔ چاہے سوچھ بھارت ہو یا جل جیون مشن، ان تمام اسکیموں میں 100 فیصد تکمیل کے ہدف پر کام کیا جا رہا ہے ۔