عظمیٰ نیوزسروس
جموں// بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل جموں فرنٹیئر، ششانک آنند نے جمعہ کو جموںمیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سرحدی سلامتی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ہریانہ کیڈر کے ایک آئی پی ایس افسر،ششانک آنند نے 7فروری کو بی ایس ایف کے نئے آئی جی کا عہدہ سنبھالا، ڈی کے بورا کی جگہ لے لی جو اکتوبر2021سے اس عہدے پر فائز تھے۔ ڈی کے بورا کو نئی دہلی میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر میں تعینات کیا گیا ہے۔جموںراج بھون کے ترجمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کیساتھ اپنی ملاقات کے دوران، بی ایس ایف کے نئے انسپکٹر جنرل جموں نے اول الذکر کو اپنی ذمہ داری کے علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا اوردونوں کے درمیان سرحدی سیکورٹی کے مختلف اہم مسائل پر بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان مستقل چوکسی اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے مربوط طریقے سے نمٹا جا سکے۔بی ایس ایف جموں فرنٹیئر کٹھوعہ، سانبہ اور جموں اضلاع پر محیط 192 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کرتا ہے اور راجوری ضلع کے کچھ حصوں میں سیکورٹی گرڈ کیلئے بھی ذمہ دار ہے۔اس دوران ڈوڈہ ویسٹ سے ممبر قانون ساز اسمبلی شکتی راج پریہار نےبھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں مختلف ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔