محمد تسکین
بانہال //ضلع رامبن کے ابھرتے ہوئے فینسنگ اسٹار سفیان وحید سوہل نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں منعقدہ 36ویں سینئر نیشنل فینسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے انفرادی مقابلے میں کانسی اور ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیت کر جموں و کشمیر کا نام روشن کر دیا۔ 19سالہ سفیان کے لیے یہ اس سال کا پانچواں تمغہ ہے، جو ان کی غیرمعمولی مہارت، محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے سر فہرست فینسرز کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔نئی دہلی کے اندراج گاندھی سٹیڈیم میں 17 نومبر کو انفرادی مقابلوں کا آغاز کرتے ہوئے سفیان نے پول رانڈ میں 6 میں سے 4 میچ جیتے اور ناک آٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے شاندار انداز میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے 64 کے رانڈ میں اتراکھنڈ کے سینئر کھلاڑی کو 15-06 سے شکست دی جبکہ 32 کے رانڈ میں چنڈی گڑھ کے کھلاڑی کو 15-07 سے ہرایا ۔ انہوں نے پری کوارٹر فائنل میں پنجاب کے مضبوط کھلاڑی کو 15-10 شکست دی جبکہ کوارٹر فائنل میں پنجاب کے ٹاپ رینکڈ ادھیویرد سنگھ کو 15-12 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا ۔سیمی فائنل میں وہ فوج کی ایس ایس سی بی کے ٹاپ رینکڈ گولڈ میڈلسٹ سے ہار گئے، تاہم ان کی مجموعی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ٹیم ایونٹ میں بھی سفیان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم جس میں اجے کمار، شیوانش کپور اور سائد الرحمن شامل تھے کو چاندی کا تمغہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔قابل افسوس بات یہ ہے کہ مقامی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سفیان کے لیے اب تک کوئی حوصلہ افزائی یا تعاون سامنے نہیں آیا، حالانکہ وہ ایک کانسٹیبل وحید سوہل کے بیٹے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر ملک و جموں و کشمیر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔سفیان وحید نے اس سے قبل2024 میں نیوزی لینڈ میں بھارت کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا ، 38ویں نیشنل گیمز 2025 میں دو چاندی کے تمغے جیتے جبکہ ورلڈ یونیورسٹی گیمز جرمنی 2025 میں بھارتی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔مقامی لوگوں اور کھیل شائقین نے ضلعی انتظامیہ رامبن، ڈی جی پی جموں و کشمیر، آئی جی پی جموں اور ایس ایس پی جموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ابھرتے ہوئے اولمپک کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کریں اور اسے مکمل تعاون فراہم کریں تاکہ وہ اپنے خواب پورے کر سکیں اور ملک و جموں و کشمیر کا نام مزید روشن کرے۔