عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//براہ راست مارکیٹنگ کا ربط فراہم کرنے کے لیے کشمیر کے 35 کاریگر اور بْنکر 14 سے 27 نومبر تک بھارت منڈپم، نئی دہلی میں منعقد ہونے والے باوقار انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (IITF) 2025 کے 44ویں ایڈیشن میں حصہ لے رہے ہیں۔انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام، آئی آئی ٹی ایف ملک کا سب سے بڑا اور سب سے مشہور تجارتی اور صارفین کا میلہ ہے، جو سالانہ لاکھوں شرکاء کو راغب کرتا ہے۔ جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کی درخواست پر، قرعہ اندازی کے بعد، کشمیر ڈویژن سے 35 کاریگروں اور بنکروں کی فہرست تجارتی میلے میں شرکت کے لیے بھیجی گئی تھی۔ نئی دہلی میں آئی آئی ٹی ایف عالمی سطح پر شہرت پانے والے کشمیری کاریگروں کو ملکی اور بین الاقوامی خریداروں کو اپنے ہاتھ سے تیار کردہ شاندار مصنوعات کی وسیع رینج کی نمائش اور فروخت کے لیے براہ راست مارکیٹنگ کا موقع فراہم کرے گا جس میں پشمینہ اور کانی شال، سوزنی اور کریول کڑھائی، ہاتھ سے بنے ہوئے سلک قالین اور اخروٹ کی لکڑی کی اشیاء شامل ہیں۔