نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر کی صورتحال کا دورے روز بھی جائزہ لیا۔ قومی سلامتی مشیر اور مرکزی داخلہ سیکریٹری کیساتھ میٹنگ میں جموں اور سرینگر میں فورسز کیمپوں پر دو حملوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔آدھے گھنٹے کی میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے در اندازی کی نقل و حرکت پر فوری روک لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ میں نہ صرف اجیت دوول اور راجیو گوبا موجود تھے بلکہ مختلف انٹلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان بھی شریک رہے۔راجناتھ سنگھ کو سیکورٹی کیمپوں کی حفاظت کے بارے میں اپنائی گئی حکمت عملی کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزرارت داخلہ کے ایک آفیسر نے کہا کہ راجناتھ سنگھ کو بتایا گیا کہ پوری ریاست میں اعلی سطح پر سیکورٹی کو متحرک کردیا گیا ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں کہ جنگجوئوں کو فورسز کے کیمپوں میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔