پرویز احمد
سرینگر // وادی میں جاری میگا ہیلتھ کیمپ کے دوسرے دن وادی کے چار اسپتالوں میں 247چھوٹی بڑی جراحیاں انجام دی گئیں، جن میں ایس ڈی ایچ سوپور میں82، جی ایم سی بارہمولہ میں44، ضلع اسپتال گاندربل میں 69 اور ایس ڈی ایچ کپوارہ میں52جراحیاں انجام دی گئیں۔ دوسرے دن زچگی کی 51، 26جنرل سرجریاں، آنکھوں کی94، ہڈیوں کی 6، ای این ٹی کی 13، چھوٹی جراحیاں 11 اور دانتوں کی 46جراحیاں انجام دی گئی۔ 11مئی سے شروع ہونے والے میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد روٹری انٹرنیشنل نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کے اشتراک سے کیاہے۔ اس سے قبل روٹرری انٹرنیشنل نے عالمی وباء کے دوران جموں و کشمیر کو روٹری انٹرنیشنل کے صدر شیکھر مہتا نے آکسیجن کنسنٹریٹر بطور عطیہ دئے تھے۔ ادھر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے میگا ہیلتھ کیمپ کے دوسرے دن گاندربل ضلع اسپتال کا دورہ کیا اور میگاہیلتھ کیمپ میں آنے والے مریضوں اور عملہ سے بات چیت کی ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز مشتاق احمد راتھر نے کہا کہ میگا ہیلتھ کیمپ مرکزی سرکار کا ایک بہتری قدم ہے اور اس سے پوری وادی میں لوگوں کو کافی حد تک فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے اسپتالو ں پر بوجھ کم ہوگا کیونکہ سرکاری اسپتالوں میں رش کی وجہ سے لوگوں کو کافی دیر تک جراحیوں کیلئے انتظار کرنا پڑتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ٹریشری کیئر اسپتالوں کا رش بھی کافی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 3اضلاع میں 3ہزار سے زائد جراحیاں انجام دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گاندربل ، بارہمولہ، بانڈی پورہ ، کپوارہ اور بڈگام کے مریضوں نے جراحیوں کیلئے ناموں کا اندراج کرایا ہے ا ور ان کی جراحیاں انجام دے کر کیمپ کو کامیاب بنایا جائے گا۔