میگا ہیلتھ کیمپ کا پہلا دن

پرویز احمد
سرینگر //ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے کے ہدایت کے مطابق بدھ کو وادی میں 11سے 18مئی تک جاری رہنے والے پہلے میگا ہیلتھ کیمپ کے تحت  4اضلاع میں 140جراحیاں انجام دی گئیں جن میں آنکھوں کی 60، زچگی کی 23، دانتوں کی 15، ای این ٹی کی 8، ہڈیوں کی 6 جبکہ دیگر 5جراحیاں انجام دی گئیں۔ میگا ہیلتھ کیمپ کیلئے 8ہزار 700مریضوں کی نشاندہی کی گئی جن کی جراحیاں عالمی وباء کی وجہ سے نہیں ہوسکی تھیں۔ میگا ہیلتھ چیمپ روٹیٹری کلب آف انڈیا کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے۔ میگا کیمپ کے  پہلے دن غیر ریاستی ماہر ڈاکٹروں نے ضلع اسپتال گاندربل میں 47، ضلع اسپتال کپوارہ میں41، سب ضلع اسپتال سوپور میں32جبکہ جی ایم سی بارہمولہ میں 20جراحیاں انجام دیں۔ میگا ہیلتھ کیمپ رسمی طور پر 13مئی کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا شروع کریں گے۔ میگا کیمپ کیلئے بیرون ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 43ماہرین اور روٹری کلب کے ماہرین 3ہزار سے زائد جراحیاں انجام دیں گے جبکہ محکمہ صحت نے 500سے زائد ڈاکٹروں، نیم طبی عملہ اور دیگر معاون ملازمین کو تعینات کیا ہے ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ میگا کیمپ جموں و کشمیر سرکار اور لوگوں کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا۔