سرینگر// گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ اس ریاست میں جتنا کرپشن ہے اتنا کہیں نہیں ہے ۔گورنر موصوف نے کہا کہ حالیہ اعلان شدہ گروپ میڈ کلیم انشورنس پالیسی دھاندلیوں سے بھرا ایک سودا تھا اور ہم نے اس سودے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کے ملازمین کو اس پالیسی کے دائرے میں لاکر ایک مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ملک نے گروپ میڈ کلیم انشورنس پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’دوسرا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ اس میں بڑی بڑی طاقتیں ملوث تھیں۔ میں نے نہ صرف اس کی جانچ کرائی بلکہ اس کو تقریباً منسوخ کردیا ہے، سرکار نے ٹینڈر نہیں مانگے تھے ،ایک مخصوص کمپنی کی سب کمپنی نے ٹھیکے مانگے تھے، وہ ٹھیکے ہماری سرکاری ویب سائٹس پر کہیں دکھائے نہیں گئے تھے، ٹینڈر سے ایک خاص کمپنی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی، ٹینڈر کو چھٹی کے دن کھولا گیا، چھٹی کے دن ٹینڈر کھول کر اس کمپنی کو وہ ٹھیکہ دیا گیا۔ میں اس ٹھیکے کی جڑ تک پہنچا۔ مجھے معلوم ہوگیا ہے کہ اس میں کون کون لوگ ملوث ہیں۔ انہوں نے ا نشورنس پالیسی کو دھاندلیوں سے بھرا ایک سودا قرار دیتے ہوئے کہا ’وہ پورا سودا دھاندلیوں سے بھرا ہوا تھا۔