نیوز ڈیسک
جموں// صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسزنے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کو انسانی اعضاء کی پیوند کاری ایکٹ اور ٹشوز ایکٹ 1994 کے تحت جموں و کشمیر میں گردوں کی پیوند کاری کرنے کے لیے رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔رجسٹریشن 5 سال کی مدت کے لیے کارآمد ہے۔ پرنسپل اور ڈین جی ایم سی، جموں، ڈاکٹر ششی سدھن شرما نے پیوند کاری پروگرام میں شامل تمام محکموں کو اس سنگ میل پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا “جموں میں گردوں کی پیوند کاری کا پہلا مرکز قائم کرنے سے ہمارے لوگوں کے لیے جن کو گردوں کی پیوند کاری کی ضرورت ہوتی ہے اسے جموں میں کروانا آسان ہو جائے گا اور انہیں گردوں کی پیوند کاری کے لیے زیادہ دیر تک انتظار کرنے یا UT سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی “۔ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ یورولوجی ڈاکٹر الیاس شرما نے کہا کہ “ہم ادارے میں گردوں کی پیوند کاری شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور امید ہے کہ یہ حتمی تیاری کے بعد آنے والے ہفتوں میں شروع ہو جائے گی”۔ڈاکٹر راجو بھنڈاری اور ڈاکٹر امان گپتا نیفرالوجسٹ نے کہا کہ رینل ٹرانسپلانٹ خدمات شروع کرنے کے لیے تمام ضروری چیزیں موجود ہیں۔
میڈیکل کالج جموں کو گردو ں کی پیوند کاری کی منظوری مل گئی
