بارہمولہ// گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں ایک 18 سالہ لڑکی دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوئی ہے تاہم اسپتال انتظامیہ نے مذکورہ لڑکی کوکو وڈ 19 پروٹوکول کے مطابق تدفین کا حکم دیا ہے۔
ڈاکٹروں نے کورونا وائرس کے لئے لڑکی کا نمونہ لینے کے بعد اس کی میت کو لواحقین کے حوالے کرتے ہوئے اُنہیں تدفین کے دوران کوویڈ 19 پروٹوکول کی سختی سے پیروی کرنے کو کہا ہے ۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی بارہمولہ ڈاکٹر سید مسعود نے بتایا کہ کھارو لنگیٹ ہندوارہ سے تعلق رکھنے والی دوشیزہ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا”وہ اسپتال پہنچتے ہی فوت ہوگئی“۔ انہوں نے مزید کہا”لواحقین کے مطابق بچی کو پچھلے دس دن سے تیز بخار اور سانس لینے کی شکایت تھی“۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ لڑکی سے کورونا وائرس کیلئے لیا گیا نمونہ ٹیسٹ کے لئے بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا”ہم نے میت کو لواحقین کے سپرد کردیا ہے اور کووڈ 19 پروٹوکول پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ہے ،ہم نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کپوارہ ، نیز متعلقہ بی ایم او کو بھی آگاہ کیا ہے“۔