حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر میں جمعرات کو دسویں جماعت کے نتائج میں لڑکیوں نے ایک مرتبہ پھر نمایاں کارکردگی کی ہے، وہیں متوسط گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے امتحانات میں صد فیصد نمبرات بھی حاصل کیے ہیں۔ جس میں ضلع پونچھ کی ارم ناز نے 500 میں سے 493 نمبرات حاصل کر کے اپنے ضلع اور اسکول کا نام روشن کیا ہے، پونچھ کے رضاء العلوم اسلامیہ ہائیر سکنڈری اسکول میں زیر تعلیم طالبہ ارم ناز دختر محمد دین سابق فوجی نے اپنے ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔پوزیشن حاصل کرنے وال طالبہ ارم ناز نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کو دیا ہے۔ارم ناز کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں آرہا ہے کہ انہوں نے اتنے اچھے نمبرات حاصل کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اگے چل کر آئی اے ایس کرنا چاہتی ہیں۔ارم کے والدین کے مطابق ان کی بیٹی نے خود محنت کرکے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں طالبہ کے اساتذہ کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی بیٹی نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچیوں کی تعلیم و تربیت کا خصوصی خیال رکھیں۔