مغل روڈ اورجواہر ٹنل جیسے متبادل اثاثوں کااستعمال کیا جائے:چیف سیکریٹری
سرینگر//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے پھلوں اور سبزیوں سے لدے ٹرکوں کیلئے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر سفر کے وقت کو مزید کم کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کرنے پر زور دیا۔اس سلسلے میں چیف سیکریٹری نے سول سیکرٹریٹ میں شراکت داروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار،صوبائی کمشنر کشمیر ، آئی جی ٹریفک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ جموں میں مقیم افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنس حصہ لیا۔چیف سیکرٹری نے وادی سے پھلوں کے ٹرکوں کی روانی کے حوالے سے ٹرکوں کی آسان روانی کیلئے جامع منصوبہ بنانے پر زور دیا ۔
انہوں نے پھلوں اورسبزیوں سے لدے ٹرکوں کی شناخت کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ سٹیکرلگانے اور باہرکی منڈیوں تک بلا روک ٹوک رَسائی فراہم کرنے کو کہا تاکہ کاشتکاروں کو کوئی نقصان نہ ہو۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ قومی شاہراہ 44 پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کیلئے مغل روڈ اور جواہر ٹنل جیسے متبادل اثاثوں کو بہتر طریقے سے استعمال کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جموں کی طرف جانے والے آئیل ٹینکروں اور دیگر خالی ٹرکوں کو مغل روڈ سے جانے کی ہدایت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قاضی گنڈ ٹنل کے ذریعے تاخیر کا خدشہ ہونے کی صورت میں میوہ ٹرکوں کے پاس جواہر ٹنل کا اِستعمال کرنے کا آپشن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے زیادہ ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائے گا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی ہوگی۔این ایچ اے آئی سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ مگرکوٹ کے قریب گڑھے والے حصے کومیکڈامائز کرنے کے علاوہ سڑک کی مجموعی سطح کو مزید بہتر بنائے۔آئی جی ٹریفک بھیم سین توتی نے اپنی پرزنٹیشن میں مختلف مطالعات اور الگورتھم کے ذریعے ہائی وے پر ٹریفک کے نظام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ٹریفک کے حساب سے اور موسمی رویے کے ساتھ ساتھ ہرطبقے کیلئے وقت اور گاڑی کے سائز کا تجزیہ پیش کیا۔انہوں نے ٹریفک کے اس طرزِ عمل کے ہر پہلو کے کے کار آمد تجزیے پر بھی توجہ دی اور کچھ اِصلاحی اَقدامات بھی پیش کئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور بہتر سڑک کی سطح کی وجہ سے متعلقہ برسوں میں نویگ اور چنانی ناشری ٹنلوں کے درمیان سفر کے وقت میں نمایاں کمی آئی ہے۔