سرینگر // حریت (گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے مجوزہ میونسپل اور بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر انتظامیہ کی طرف سے پوری وادی میں آزادی پسند قائدین ، کارکنان اور نوجوانوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن اور نوجوانوں کی گرفتاریوں پر شدید ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں نام نہاد جمہوری چہرے کو بے نقاب کررہا ہے۔ انہوں نے حریت ترجمان غلام احمد گلزار، پیر غلام محی الدین اور ایڈوکیٹ حسین احمد پازل پورہ شیوا پر پی ایس اے عائد کرکے کوٹ بلوال جیل منتقل کرنے، حکیم عبدالرشید، محمد یٰسین عطائی، سید امتیاز حیدر، عابد جاوید وانی بومئی، سہیل مشتاق ڈار اور توصیف احمد لون کو مختلف تھانوں میں نظربند رکھنے، جبکہ محمد صادق لون نادی ہل، جاوید احمد وانی نادی ہل، فاروق احمد شیخ اور گلزار احمد کو کپواڑہ جیل منتقل کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لوگ اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار جمہوری طریقے پر کرتے رہتے ہیں، البتہ جموں کشمیر دنیا میں ایسا واحد خطہ ہے جہاں لوگوں کو ظلم وجبر، بربریت، سفاکیت، زیادتیوں اور ناجائز قبضہ کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔گیلانی نے کہا کہ لوگوںنے 2017کے ضمنی انتخابات کے دوران جس جذبے، حوصلے اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا ہے، اس کو آج ایک بار پھر یاد رکھنے اور دہرانے کی ضرورت ہے