جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی گوہلد ریلاں پنچایت میں ایک نایاب جانور دریافت ہوا ہے، جسے فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق، گزشتہ شام گوہلد ریلاں کے ایک شہری کے گھر میں ایک غیر معمولی جانور داخل ہوا، جسے بعد میںہیج ہاگ( Hedgehog )کے نام سے شناخت کیا گیا۔ مقامی سماجی کارکن امتیاز احمد چودھری نے اس نایاب جانور کو دیکھتے ہی اس کی حفاظت یقینی بنائی اور فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کیا۔اطلاع ملتے ہی محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ’ہیج ہاگ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ وائلڈ لائف حکام کے مطابق، یہ ایک نایاب جانور ہے جو عام طور پر جنگلات میں پایا جاتا ہے اور تحفظ کے متقاضی جانوروں میں شمار ہوتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب اس خطے میں ایسا جانور پایا گیا ہے۔ اس سے قبل نوشہرہ میں بھی ایک ’ہیج ہاگ دریافت کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق، شہری علاقوں میں اس نوع کے جانوروں کا آنا غیر معمولی بات ہے، اور اس کی ممکنہ وجوہات میں ماحولیاتی تبدیلیاں اور جنگلی حیات کے مسکنوں میں خلل شامل ہو سکتا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی نایاب جانور کو دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ اس کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔