جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے کیری ٹاپ علاقے میں قائم پینے کے صاف پانی کی اسکیم کا مین ٹینک خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جس سے مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ لوگوں نے متعلقہ محکمہ، خصوصاً محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ حکام پر غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔کیری گلہوتہ علاقے میں قائم اس اسکیم سے گزشتہ چالیس سالوں سے زائد عرصے سے ہزاروں افراد پینے کا پانی حاصل کر رہے ہیں۔ چونکہ علاقے میں قدرتی چشمے دستیاب نہیں، اس اسکیم کو ہی پانی کی واحد فراہمی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے تاہم اب یہ اسکیم زبوں حالی کا شکار ہے، اور پانی سپلائی کرنے والا مین ٹینک ٹوٹ پھوٹ کی حالت میں پہنچ چکا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹینک کی دیواریں پھٹ چکی ہیں اور کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلے کئی برسوں سے اس ٹینک کی کوئی مرمت یا دیکھ بھال نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں پانی آلودہ ہو گیا ہے اور لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔مکینوںکے مطابق، یہ اسکیم کیری ٹاپ، ناڑ مرگاں اور نکہ جیسے علاقوں کے لئے زندگی کی علامت تھی، لیکن مرمت نہ ہونے کی وجہ سے اب یہ نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو ہزاروں افراد کو پینے کے صاف پانی سے محروم ہونا پڑے گا۔مقامی لوگوں نے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ ٹینک کی بگڑتی حالت کا فوری معائنہ کیا جائے اور مرمت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو پانی کی قلت اور بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر متعلقہ محکمہ نے اس اہم مسئلے پر توجہ نہ دی تو مقامی لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لے کر جلد از جلد ٹینک کی مرمت یقینی بنائے گی تاکہ پانی کی فراہمی معمول پر آ سکے۔