جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے کالابن علاقے میں ایک خوفناک آتشزدگی کے واقعے نے لاکھوں روپے کا نقصان کر دیا۔ مقامی باشندے اس واقعے کو محض ایک حادثہ نہیں بلکہ متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ سمجھتے قرار دیتے ہوئے کہاکہ رہائشی مکان کو شام چار بجے آگ لگی تاہم فائر اینڈایمر جنسی سروس کی گاڑی 5بجے کر 30منٹ کے بعد علاقہ میں پہنچی اور مذکورہ تاخیر کی وجہ سے لاکھوں کا نقصان ہو گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ کالابن کے رہائشی چودھری محمد خالق کے مکان میں اچانک آگ بھڑک اْٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان راکھ ہو گیااور مقامی افراد نے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی، مگر ان کی تمام تر کوششیں بے سود رہیں۔ لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب سے افسوسناک بات یہ تھی کہ اس دوران فائر سروسز کے عملے نے کوئی بروقت کارروائی نہیں کی۔مقامی افراد نے اس غفلت پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مکان کی آگ شدت اختیار کر گئی تھی جبکہ فائر سروسز کی گاڑی نہ صرف دیر سے پہنچی بلکہ اْس وقت پانی نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد گاڑی میں پانی بھرا گیا اور گاڑی اُس وقت علاقہ میں پہنچی جب رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہو گیا تھا ۔لوگوں نے الزام لگایا کہ فائر سروسز کے عملے نے اپنی ذمہ داریوں میں لاپرواہی برتی جبکہ یہ غفلت صرف فائر سروسز کے عملے تک محدود نہیں رہی بلکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی خاص کارروائی نظر نہیں آئی۔ آتشزدگی کے بعد متاثرہ خاندان نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ان ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جواپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے ہیں ۔