مینڈھر چوکی لفٹ سکیم دوبارہ سے بند

مینڈھر //مینڈھر قصبہ کے نزدیک چوکی لفٹ سکیم گزشتہ کئی دنوں سے دوبارہ بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ پانی کی قیمتی گاڑیاں خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ میکینکل شعبہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے پہلے کئی دنوں تک بند رہنے کے بعد بحال ہونے کیساتھ ہی دوبارہ سے خراب ہو گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پرانی مشینری کو نصب کیا گیا تھا جس کی وجہ سے دوبارہ سے سکیم بند ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جل شکتی بالخصوص میکینکل شعبہ کی جانب سے انتہائی غیر سنجیدگی کیساتھ خدمات انجام دی جارہی ہیں جو کہ عوام کیلئے پریشان کن ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیساتھ ساتھ محکمہ کے میکینکل شعبہ کے ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اب کو ڈیوٹی کیلئے بھی پابند کیا جائے ۔میکینکل شعبہ کے ایک ملازم نے بتایا کہ ٹرانسفارمر میں آئی خرابی کی وجہ سے سکیم میں خلل آیا ہے ۔