عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے ضلع پونچھ کے سرحدی سب ڈویژن مینڈھر میں حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور سرحد پار گولہ باری کے بعد متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے ایک وسیع تر انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی مہم شروع کی ہے۔فوج کے مطابق،یہ مہم گھر گھر جا کر متاثرہ دیہات میں راشن، ادویات اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بزرگوں، خواتین اور بچوں کیلئے صحت جانچ و نفسیاتی مدد پر بھی مشتمل ہے۔فوج نے کہا کہ دشوار گزار پہاڑی راستوں اور مستقبل میں ممکنہ خطرات کے باوجود، فوجی جوان کنٹرول لائن کے نزدیک واقع دور دراز بستیوں تک پہنچے اور ہر خاندان تک امداد و دلاسہ پہنچایا۔امدادی مشن مقامی سول انتظامیہ کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے، جس کے تحت عارضی طبی کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ہر ممکن مدد بہم پہنچائی جا سکے۔فوجی جوانوں کی موجودگی نے نہ صرف متاثرین کو ضروری اشیاء فراہم کیں بلکہ ان میں تحفظ اور اعتماد کا احساس بھی پیدا کیا۔ فوج نے کہا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر کے تنازعہ زدہ علاقوں میں عام شہریوں کی مدد کیلئے جاری بڑے فلاحی اقدامات کا حصہ ہے۔