مینڈھر قصبہ کے نکاسی نظام کو درست کرنے کا مطالبہ

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن کے معززین نے جموں وکشمیر حکومت اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ کا نکاسی نظام جلدازجلد ٹھیک کیاجائے تاکہ عام لوگوں کو تاجروں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔برساتی موسم میں مفلوج ہوئے نکاسی نظام کو مد نظر رکھتے ہوئے مینڈھر کے معززین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ قصبہ میں آئے روز عوامی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔سابقہ سی ایم او ڈاکٹر محمد یونس چوہدری نے دیگران کے ہمراہ ایک پریز کانفرنس کے دوران کہا کہ قصبہ مینڈھر کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور بارشوں کے موسم میں کوئی بھی آدمی بازار سے گزر نہیں سکتا ۔انہوں نے کہاکہ بارش کیساتھ ہی نکاسی کا پانی سڑکوں سے بہنا شروع ہو جاتا ہے جس کے دوران پانی لوگوں کی دکانوں اور گھر میں داخل ہو جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ڈی ایم مینڈھر کے مین گیٹ پر نالی بند ہے اور گندہ پانی سڑک پر آنے کے دوران گاڑیوں کے گزرنے کی وجہ سے عام لوگوں کے کپڑے خراب ہو جاتے ہیں ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بائی پاس سڑک بھی تیار نہیں ہے جس کی وجہ سے بازار میں لمبا لمبا جام لگ جاتا ہے۔موصوف نے کہاکہ قصبہ کے اندر بجلی کی تاروں کی بھی حالت خستہ ہے اور لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقررین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے ،قصبہ کا نکاسی نظام بہتر بنانے کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔