جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے ڈھکی پل کے قریب او پی ہل اسٹیڈیم کے نزدیک بدھ کو ایک سڑک حادثے میں دو جونیئر انجینئرز سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق حادثہ ایک موٹر سائیکل اور ٹاٹا سومو کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال(ایس ڈی ایچ) مینڈھر منتقل کیا گیا۔اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت اکشت شرما (28) ولد انیل کمار سکنہ جموں،عامر خان (26) ولد حسین، سکنہ اڑی سڑوتی،روبی کوثر (27) زوجہ طارق حسین سکنہ کالا بن کے طورپر ہوئی ہے ۔سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ ہسپتال کے عملے نے تین زخمیوں کو وصول کیا، جن میں سے ایک زخمی، عامر خان، کو خصوصی علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری ریفر کیا گیا ہے۔مقامی لوگوں نے اس حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں سڑکوں کی حالت بہتر کی جائے اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کو سختی سے یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔پولیس نے حادثے کے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔