عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ کی مینڈھر تحصیل سے تعلق رکھنے والی سترہ سالہ نابالغ لڑکی کو مبینہ طور پر ایک نوجوان نے اغوا کیا تھا، اسے پنجاب کے لدھیانہ سے بازیاب کرایا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے اغوا کے بعد اہل خانہ نے ایک شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد کارروائی شروع کی گئی اور اس واقع میں ملوث ملزم کی شناخت نتیش گپتا کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران وریندر کمار کے بیٹے سکنہ ہرنی مینڈھر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ یکم نومبر کو متاثرہ کے والد نے پولیس سٹیشن مینڈھر میں تحریری شکایت درج کرائی اور اس کے مطابق ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ پولیس نے کہاکہ ’’سخت کوششوں کے بعد، پولیس ایس آئی روہت اور ایس آئی سمرن جیت سنگھ کی قیادت میں مینڈھر کی خصوصی پولیس ٹیم نے ملزم کا سراغ لگانے میں کامیابی حاصل کی اور لڑکی کو لدھیانہ سے بچایا۔پولیس نے مزید کہا کہ متاثرہ لڑکی کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔