مینڈھر زون کا پرائمری سکول موڑھ 12برسوں سے نامکمل عمارت کا پلستر تک نہیں کروایا گیا ،زیر تعلیم بچے اور ملازمین پریشان

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن میں پرائمری اور مڈل سکولوں کی درجنوں ایسی عمارتیں موجود ہیں جوکہ یا تو برسوں سے مرمت کی منظر ہیں یا نئی تعمیر ہوئی ہیں لیکن ان کو کئی برس بعد بھی مکمل نہیں کیاجاسکا جس کی وجہ سے مذکورہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ان ہی سرکاری سکولوں میں سے زون مینڈھر کا گورنمنٹ پرائمری سکول موڑھ ہے جو کہ گزشتہ 12برسوں سے نامکمل ہے ۔مقامی لوگوں نے شعبہ ایجوکیشن کی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر کو 12برس کا عرصہ بیت گیا ہے لیکن اس عمارت کو ابھی تک پلستر تک نہیں کیاگیا ہے جس کی وجہ سے بچے خستہ حال عمارت میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔عملے اور بچوں نے بتایا کہ برسات کے دوران سکول میں پانی داخل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کے بیٹھنے کیلئے بھی جگہ دستیاب نہیں رہتی ۔والدین نے محکمہ کی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے ان کے بچوں کا مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر سکول میں تدریسی نظام متاثر ہور ہا ہے لیکن محکمہ کی جانب سے نہ ہی عمارت کو مکمل کیا جارہا ہے اور نہ ہی بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی نامکمل عمارت کو جلدازجلد مکمل کر کے بچوں و تعینات عملے کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔