جاوید اقبال
پونچھ//جمعرات کے روز پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک پرانا اور جزوی طور پر زنگ آلود دھماکہ خیز شیل برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق، یہ شیل سرحدی گاؤں بالاکوٹ میں ایک کھلی جگہ پر مقامی لوگوں کی نظر میں آیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس اور فوج کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔افسران نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو فوراً طلب کیا گیا، جس نے تمام حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کو گھیرے میں لیا۔ بعد ازاں ماہرین نے شیل کو ایک کنٹرولڈ میکانزم کے ذریعے محفوظ طریقے سے تباہ کر دیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ شیل ممکنہ طور پر پرانے فائرنگ یا کراس بارڈر شیلنگ کے دوران گرا ہوا ہو سکتا ہے، جو اب زنگ آلود حالت میں ملا ہے۔ خوش قسمتی سے شیل پھٹنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔علاقے میں شیل برآمد ہونے کی اطلاع ملتے ہی مقامی آبادی میں کچھ وقت کیلئے خوف و ہراس پھیل گیا تاہم فورسز کی بروقت کارروائی سے صورتحال معمول پر آگئی۔سیکورٹی اہلکاروں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی مشتبہ دھماکہ خیز مواد یا اجسام کے بارے میں فوراً پولیس یا قریبی فوجی یونٹ کو اطلاع دیں، تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔