گاندربل+کپوارہ +دیوسر//تولہ مولہ میں میلہ کھیربھوانی میں ہزاروں کی تعداد میں ہندویاتریوں نے جیشٹھا اشٹمی کے دن پرپوجا پاٹ میں حصہ لیا۔کئی ریاستوں سے کشمیری پنڈت برادری سے وابستہ لوگ اپنے پورے اہل خانہ سمیت اس سلسلے میں تولہ مولہ گاندربل آئے ہوئے تھے ۔اس موقع پرکشمیری پنڈتوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم دل سے چاہتے ہیں کہ ہماری جنم بھومی میں واپسی ہو لیکن آج کل جموں و کشمیر میں جس طرح کا ماحول قائم کیا گیا ہے اس میں یہ ممکن نہیں لگ رہا ہے۔ کھیربھوانی مندر کے اندر اور باہر مقامی مسلمان دکانداروں نے بڑھ چڑھ کر تیاریاں کی تھیں اور ہر طرح کے پوجا پاٹ میں ضرورت کی چیزیں دستیاب رکھی تھیں۔مقامی دوکاندار محمد مقبول بٹ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پچھلے 20 سال سے میں میلہ کھیر بوانی میں دکان لگاتا ہوں لیکن اس سال بہت ہی کم تعداد میں پنڈت آئے ہیں۔ میلہ کھیربھوانی کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی جانب مختلف اسٹال لگائے گئے تھے جن میں محکمہ امور صارفین،میونسپل کمیٹی،صحت،بنک،محکمہ تعمیرات عامہ،بجلی،صحت عامہ شامل ہیں۔ نیشنل کانفرنس ممبر اسمبلی شیخ اشفاق جبار اورکانگریس کے صدر غلام احمد میرکشمیری پنڈتوں کو خوش آمدید کررہے تھے جبکہ مقامی رضا کار بھی پیش پیش رہے جنہوں نے دن بھر مشروبات،کھانے پینے کی اشیاء فراہم کیں۔مرکزی حکومت کے مذاکرات کار دنیشور شرما،بی جے پی کے سابق وزیر پریا سیٹھی،وجے بقایا نے بھی میلہ میں شرکت کی ۔ادھرکپوارہ ضلع کے ٹکر اور بد رکلی ہندوارہ علاقوں میں ماتا کھیربھوانی مندرو ں میں سینکڑوں کشمیری پنڈت آئے ہوئے تھے ۔کشمیر میں نامساعد حالات پیدا ہونے کے بعد بدھ کو پہلی بار کپوارہ کے ٹکر علاقہ میں واقع ماتا کھیربھوانی میلہ میں کشمیری پنڈتو ں کی بھاری تعداد نے شرکت کی جبکہ اس میلہ کے موقع پر کشمیری مسلمان بھائیو ں نے پنڈت بھائیو ں کے اس تہوار میں شر کت کر کے میز بانی کے فرائض انجام دئے اور یہا ں جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔کشمیری پنڈت ایم ایل پنڈتا جو دلی میں مقیم ہے نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ آج کے موقع پر جس گرمجوشی سے مسلم بر درای نے ہمار ا استقبال کیا وہ نا قابل فراموش ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے ٹکر جاکر انتظامات کا جائزہ لیا اور وہا ں پر پہلی ہی عقیدت مندو ں کے لئے طبی سہولیات کے علاوہ پانی ،بجلی اور دیگر انتظامات بہم رکھے تاکہ انہیں دقتو ں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس دوران بدر کلی ہندوارہ کے مندر میں بھی بدھ کو کھیر بوانی میلہ نہایت ہی عقیدت و احترام سے منایا گیا اور اس علاقہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں پنڈتو ں نے شرکت کی ۔ادھردیوسر و عشمقام میں بھی اس سلسلے میں تقریبات منعقد ہوئیں ،جس میں کشمیری پنڈتوں کی غیر معمولی تعداد نے شرکت کی ۔دیوسر میں قائم شیری تری پور سندری سنستھا نامی مندر میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جہاں ریاست و ریاست سے باہر مقیم کشمیری پنڈتوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خصوصی پوجاپاٹ کیا ۔اس موقعہ پر مقامی مسلمانوں نے مہمانوں کو گلے لگایا اور اُنہیں مبارک باد پیش کی جبکہ انتظامیہ نے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام محکمہ جات کو متحرک کیا ہے اور حفاظتی صورت حال کے لئے پولیس و سی آر پی ایف کے اضافی نفری کو تعینات کیا تھا ۔