شوپیان+کپوارہ //میلہورہ شوپیان میں جنگجو مُخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا اورمظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گولے داغے گئے اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔اتوار کو سہ پہر ساڑھے چار بجے فوج اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے میلہورہ گائوں کو محاصرہ میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ فورسز نے سبھی راستوں کو سیل کرکے پہرے بٹھا د یئے اورگھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ فورسز کومیلہورہ میں کچھ جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ فورسز اہلکاروں کی طرف سے گھر گھر تلاشی کے دوران بھاری تعداد میں لوگ گھروں سے باہر آئے اور فورسز پر زبردست پتھرائوکیا ۔فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ کی ۔ شدید پتھرائو کے باوجو د تلاشی آپریشن ساڑے تین گھنٹے تک جاری رہا۔ادھرفوج اور سپیشل آپریشن گروپ نے ہندوارہ کرالہ گنڈ کو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کی ۔معلوم ہو اہے کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کرالہ گنڈ ہندوارہ کے گنڈ کلان دیہات کو محاصرے میںلیا ۔ فوج کو اطلاع ملی تھی کہ اس علاقہ میں جنگجوئو ں موجود ہیں ۔ تاہم تلاشی کارروائی کے دوران جنگجوئو ں کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔