عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
لندن//یورپی چیمپئن شپ میں اسپین کی طرف سے ایک نوجوان کھلاڑی پچ پر آیا تو دنیا کی نظریں اب سے تقریباً 16 سالہ پرانے واقعے پر چلی گئی۔ 2007 کے اواخر میں نوجوان لیونل میسی نے بارسلونا کے کیمپ نو کے ڈریسنگ روم میں ایک بچے کے ساتھ تصویریں بنوائیں جو ایک چیریٹی کیلنڈر فوٹوشوٹ کے لیے تھیں۔میسی جو اس وقت صرف 20 برس کے تھے، فٹبال میں اپنا نام بنا رہے تھے اور اب انکا شمار فٹبال کی تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ تاہم نہ صرف فوٹوگرافر بلکہ اس وقت میسی کے مداحوں نے بھی یہ نہ سوچا تھا کہ تصویر میں نظر آنے والا یہ شیرخوار بچہ بڑا ہوکر بین الاقوامی فٹبال میں دھوم مچادے گا۔ یہ بچہ لامین یمال تھا جو اب 16 سال کی عمر میں یورپی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، یمال کا فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں کیا گیا گول دہائیوں تک یاد رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ 16 سال اور 362 دن کی عمر میں، یمال یورپی چیمپئن شپ کی تاریخ میں گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یہ طویل عرصے سے بھولی ہوئی تصویر اس وقت دوبارہ سامنے آئی جب یمال کے والد نے اسے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا اور لکھا “دو لیجنڈز کی شروعات۔”یہ تصاویر فری لانس فوٹوگرافر جون مونفورٹ نے لی تھیں، جو امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے لیے کام کرتے ہیں۔یونیسف نے ماتارو کے قصبے میں ایک قرعہ اندازی کی تھی، جہاں لامین کی فیملی رہتی تھی۔ ان کے والدین نے قرعہ اندازی میں حصہ لیا۔ وہ اس قرعہ اندازی کے فاتح رہے جس کے بعد انہیں کیمپ نو میں بارسلونا کے کھلاڑی کے ساتھ تصویر بنوانے کا موقع ملا تھا۔علاوہ ازیں لامین یمال نے اسپینش کلب بارسلونا کیلئے کھیلتے ہوئے کلب کی جانب سے سب سے گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا۔