سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈر میر حفیظ اللہ کو ایک اور پی ایس اے لگانے اور جموں جیل منتقل کرنے کی حکومت کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کی شکار ہے۔ قیادت اور کارکنان کو انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ کرکے تحریکِ آزادی کو دبانے کے منصوبے کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ تحریک حریت نے کہا میر حفیظ اللہ کو ایک ہفتہ قبل سرینگر سینٹرل جیل سے اچھہ بل پولیس تھانے منتقل کیا گیا اور ایک ہفتہ گزرنے کے بعدکل علی الصبح اچانک بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچھہ بل سے جموں منتقل کیا گیا۔ اُن کے پاس نہ کپڑے اور دیگر لوازمات تھے نہ ہی اُن کے گھروالوں کو ان سے ملنے کی اجازت دی گئی۔ اس طرح جموں جیل منتقل کرنا انتہائی ظلم ہے۔