سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے وادی کشمیر کے سرکردہ عالم دین اور واعظ مرحوم میرواعظ مولوی محمد یاسین ہمدانی کے25ویں یوم وصال پر مرحوم کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔ میرواعظ نے مرحوم مولانا ہمدانی کی کئی دہائیوں پر مشتمل دینی ، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہاکہ مولانا مرحوم نے دین اسلام کے دعوتی اور آفاقی مشن کی آبیاری میں اپنی پوری زندگی صرف کردی اور اہالیان کشمیر کے تئیں انکی دینی اور سماجی سطح پر خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم میرواعظ ایک انتہائی مدبر ، صاحب رائے شخصیت کے ساتھ ساتھ ایک منفرد واعظ اور عالم با عمل تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام کے آفاقی نظام حیات کو آگے بڑھانے میں صرف کرنے کے ساتھ ساتھ اصلاح معاشرہ کے حوالے سے بھی گرانقدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم مولانا ہمدانی کے شہید ملتؒ کے ساتھ نجی او ر قریبی مراسم تھے اور موئے مقدس آنحضرت ﷺ کی بازیابی کی تحریک کے دوران مرحوم مولانا ہمدانی نے شہید رہنما کے شانہ بشانہ تحریک موئے مقدسﷺ میں قابل ذکر رول ادا کیا۔اس دوران مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے مرکزی جامع مسجد میں ایصال ثواب کیا گیا اور فاتحہ پڑھی گئی۔