سرینگر//نیشنل فرنٹ ،انجمن شرعی شیعیان، ماس مومنٹ اور پیروان ولایت نے میرواعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول کو اُن کی برسیوں کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں قائدین کی تحریکی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور کشمیریوں کی جد و جہد آزادی کیخلاف بنائی جانے والی ہر مکروہ سازش کا مردانہ وار مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے قربانیوں کی حفاظت کا اپنا عہد دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت سے آزادی حاصل کرنے کی جد و جہد حصول مقصد تک جاری رکھی جائے گی۔ اپنے ایک بیان میںنعیم خان نے کہا کہ کشمیری قوم اعلیٰ اسلامی سکالرمیر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کی قرضدار ہے۔نعیم خان نے پروفیسر وحید کی برسی پرانہیںبھی خراج عقیدت پیش کیا۔ نعیم خان نے کہا کہ فورسز نے 1989میں جس قتل و غارتگری کا آغاز کیا وہ کسی رکاوٹ کے بغیر آج بھی جاری ہے کیونکہ فورسز کو ہر اُس کشمیری کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی ہدایت دی گئی ہے جو بھارت کے خلاف آواز بلند کرے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی ذمہ داریاں اسی طرح انجام دیں جس طرح انہوں نے مشرقی تیمور کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کیا۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی نے میرواعظ کشمیر مولانا محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوف کی تحریکی خدمات اور قربانیوں کو کشمیری عوام کا بے بدل سرمایہ قرار دیا۔ اپنے ایک بیان میںآغاحسن نے کہا کہ میرواعظ خاندان کے اسلاف کی تبلیغی، سماجی اور تحریکی خدمات ایک کھلی کتاب ہے، جس کا ہر باب عوام کیلئے نقشِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس خانوادے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ہر قسم کے حالات میں تحریک حق خود ارادیت کے نعرے کوزندہ رکھا۔خواجہ عبدالغنی لون کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آغاحسن نے کہا کہ مرحوم جیسے مدبر اور معاملہ فہم سیاستدان کی جدائی نہ صرف تحریک بلکہ پوری قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے دونوں کشمیری رہنماﺅں کویاد کرتے ہوئے میر واعظ محمد فاروق کو فصاحت و بلاغت کا شہسوار اوراپنے اسلاف کے عظیم مشن کا پہرایدار قرار دیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مرحوم کو قوم کی دم توڑتی امیدوں اور پروان چڑھ رہی خواہشوں کا محافظ قرار دیا۔ محازآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی اور دیگر عہدیداروں بشمول عبدلواحد کرمانی،محمدیوسف کلو،محمد شفیع میر، جہانگیر سلیم،شفیق سوپوری، سید ہارون رشیداور محمد یوسف گلکار نے مولانامحمدفاروق کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ان قربانیوںکے وارثین کی حیثیت سے سر گرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ مقدس لہو سے رقم ہوتی جارہی ہے جس میں کشمیر کے عالموں، دانشوروں، ڈاکٹروںاور وکلاءنے بھی اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔پیروان ولایت کے سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب الموسوی نے دونوں قائدین کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی ایسے ہی عظیم نفوس کی قربانیوں سے مزّین ہے اوراِسی لئے اس تحریک کو شکست دینا کسی کے بس میں نہیں ہے۔ مولانا محمد فاروق کو یاد کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مرحوم ایک بہترین عالم،اعلیٰ پایہ کے مقرر اور مدبّرسیاست دان تھے جنہوں نے تاریخ کے مختلف ادوار میں مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا۔انہوںنے خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کشمیر کے بے باک اور نڈر سیاست دان اور ماہر قانون تھے۔اس دوران بانڈی پورہ سے نامہ نگار عازم جان نے اطلاع دی ہے کہ بانڈی پورہ میںایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلز کانفرنس کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم عبدالغنی لون کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔