سرینگر // وادی میں ایک دن تک موسم صاف رہنے کے بعد بالائی علاقوں میں بدھ کو ہلکی برف باری ہوئی جبکہ شہر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوتی رہیں اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی وادی میں موسم ابرالودہ رہے گا اور اس بیچ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں بھی ہو سکتی ہیں ۔منگل کو اگرچہ موسم صاف رہا تاہم بدھ کی صبح آسمان پر بادل چھا گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع جن میں کپوار ہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، گاندربل ، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام ، اننت ناگ کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ رازدان ٹاپ ،سادھنا ٹاپ ،فرکیاں گلی ،میلیال ،مژھل،پیر کی گلی کے علاوہ گلمرگ ، سونہ مرگ، زوجیلااور اوڑی کے میں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں تازہ برف باری اور بارشوں کے سبب ایک بار پھرلوگوں کو سردی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں آج بھی موسم جوں کا توں رہے گا ۔محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج شام تک وادی میں موسم ابرالودہ رہے گا اور اس بیچ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج شام سے 19مارچ تک موسم صاف رہے گا جبکہ 19اور20کو پھر سے مغربی ہوائیں وادی پر اثر انداز ہو سکتی ہیں جس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان ہے ۔