عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر اور دیگر میدانی علاقوں میں پیر کی رات دیر گئے تک گذشتہ 36گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ گلمرگ سمیت اونچی جگہوں پربھاری برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے 10اضلاع میں تودے گرنے کی وارننگ جاری کی جبکہ جموں سرینگر قومی شاہراہ ،متعدد جگہوں پر پسیاں گر آنے سے بند ہوئی۔کنگن سے غلام بنی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ کرگل ،دراس ،منی مرگ ،زوجیلا ،سونمرگ ،گگن گیر اورکلن میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ گنڈ کنگن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ کرگل میں 4 انچ،دراس ایک فٹ ،زوجیلا 5 فٹ، سونمرگ میں ساڑھے 4 فٹ، گگن گیر2 فٹ اور کلن میں 10 انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ گگن گیر سے سونمرگ تک برفباری سے پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہی۔
گگن گیر سے سونمرگ تک سیاحوں کو لیکر صرف اینٹی سکیڈ اور 44گاڈیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی ۔مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ اور ٹنگمرگ میں بھاری برفباری سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔ریرم سے ٹنگمرگ تک ٹریفک جام لگنے سے لوگوں کو پیدل سفر کرنا پڑا ۔ کونگہ ڈوری میں ساڑے 3 فٹ،گلمرگ میں اڈھائی فٹ، بابا ریشی میں ڈیڑھ فٹ جبکہ ٹنگمرگ میں ایک فٹ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔ متواتر برفباری سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور بازاروں میں مکمل سناٹا چھایا ہوا تھا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں پیر کی صبح تک 12.4 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 21 فروری کی سہ پہر تک “خراب موسم ” کی پیش گوئی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ20فروری تک کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، بڈگام، شوپیان کے درمیانی اور اونچے علاقوں اور کولگام اضلاع میں 20 فروری کی دیر رات تک بھاری برف باری کے امکان کے ساتھ زیادہ تر مقامات(میدانی اور نچلے علاقوں) پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 21فروری دوپہر کے بعد بتدریج بہتری آئے گی۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران گلمرگ میںتقریباً 16 انچ برف پڑی۔اسکے علاوہ قاضی گنڈ میں 12.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔پہلگام میں 18.6 ملی میٹر،کوکرناگ میں ، 8.0 ملی میٹر، کپوارہ میں42.7ملی میٹر ، سری نگر ہوائی اڈے پر 15.4 ملی میٹر، گاندربل میں22.0 ملی میٹر، بارہمولہ میں 44.5 ملی میٹر، بانڈی پورہ میں 35.0 ملی میٹر، شوپیان میں 7.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔جموں میں 4.9 ملی میٹر، بانہال میں 59 ملی میٹر، بٹوٹ میں 35.6 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 26.7 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور اونچائی پر ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے اور 19-20فروری سے رام بن، پونچھ، ڈوڈہ اور کشتواڑ کے الگ تھلگ اونچے علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 فروری کو دوپہر اور شام تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف/بارش/گرج چمک اور اس کے بعد بتدریج بہتری کی توقع ہے۔سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا، رازدان پاس، زوجیلا وغیرہ جیسی اہم گزرگاہیں بند کی گئی ہیں۔
تودوں کی وارننگ
“آئندہ 24 گھنٹوں میں اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں برفانی تودہ گرنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اگلے 24 گھنٹوں میں ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن، بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع میں بھی برفانی تودہ گرسکتے ہیں، “۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ “اگلے 24 گھنٹوں میں کپواڑہ اور گاندربل اضلاع میںبلند خطرے کی سطح کے ساتھ مزید برفانی تودہ گرنے کا امکان ہے۔”